بھٹکل 3جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے ہنومان نگر میں واقع ایک مکان کو آگ لگ جانے سے گھر کی چھت سمیت گھر کے اندر موجود تمام ساز و سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ واردات جمعہ کی صبح اُس وقت پیش آئی جب گھرکے افراد مزدوری کے لئے باہر گئے ہوئے تھے۔
دلشاد بیگم کی ملکیت کے اس مکان میں غوث محمد محی الدین کرایہ پر رہتے ہیں، بتایا گیا ہے کہ صبح جب گھر کے افراد مزدوری کے لئے باہر گئے توغالباً شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے گھر پر آگ کے شعلے بھڑ ک اُٹھے۔ گھر کی چھت کے ساتھ ساتھ گھر کے اندر موجود ٹی وی، فرنیچرسمیت دیگر الیکٹرانک آلات اور گھر کے برتن وغیرہ سب کچھ جل کر خاکستر ہوگئے۔ پاس پڑوس کے لوگوںنے فوری طور پر فائر بریگیڈ کے عملے کو واقعے کی جانکاری دیتے ہوئے اپنے طور پر پانی پھینک کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، مگر آگ نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے کر ہی دم لیا۔ سب کچھ جل کر ختم ہونے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پی ایس آئی ریوتی، ہیسکام آفسران اور تحصیلدار کے اہلکار موقع پر پہنچے اور نقصانات کا جائزہ لیا۔
ضلع پنچایت صدر کا دورہ: آگ سے نقصان پہنچنے کی اطلاع ملتے ہی ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر، ہیسکام اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ، بلاک کانگریس صدر ویٹھل نائک، جالی پٹن پنچایت ممبر ناگراج نائک وغیرہ نے متعلقہ مکان پہنچ کر نقصانات کا جائزہ لیااور گھروالوں سے اظہار ہمدردی کیا۔اس موقع پر ہیسکام اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی جانب سے ہرممکن تعاﺅن دینے کا یقین دلایا۔